سیئول:جنوبی کوریا کی ایئرلائن جیجو کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ’کم ای بے‘ نے طیارے کے حادثے پر قوم سے معافی مانگی اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ حادثے میں 179 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کی نجی فضائی کمپنی جیجو کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کم ای بے نے طیارے کے المناک حادثے کے بعد اتوار کو اپنی ٹیم کے ساتھ سر جھکا کر معافی مانگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرتے ہیں اور ان سے معافی کے طلبگار ہیں۔
رپورٹس کے مطابق حادثہ جنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ کے رن وے پر پیش آیا، جہاں لینڈنگ کے دوران طیارے کا گیئر کام نہ کر سکا اور طیارہ کنکریٹ کی باڑ سے ٹکرا گیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں 179 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
حادثے کا شکار طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس آ رہا تھا۔ طیارے میں کل 175 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔