امریکہ کے 39 ویں صدر جمی کارٹر 100 سال کی عمر میں انتقال کر گئے
جارجیا، امریکہ:امریکہ کے 39 ویں صدر جمی کارٹر 100 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ اتوار کی سہ پہر جارجیا کے پلینز میں اپنے گھر میں وفات پا گئے۔
کارٹر سینٹر کے مطابق، جمی کارٹر اپنی زندگی کے آخری لمحات اپنے خاندان کے درمیان پرامن طور پر گزارے۔ ان کے بیٹے نے انہیں امن، انسانی حقوق، اور بے لوث محبت کا ہیرو قرار دیا۔
مارچ 2019 میں، کارٹر نے جارج ایچ ڈبلیو بش کو پیچھے چھوڑ کر امریکہ کے سب سے طویل العمر سابق صدر کا اعزاز حاصل کیا اور وہ پہلے امریکی صدر تھے جنہوں نے 100 سال کی عمر مکمل کی۔
سیاسی کیریئر سے قبل جمی کارٹر ایک مونگ پھلی کے کاشتکار اور نیوی کے لیفٹیننٹ تھے۔ جارجیا کے گورنر کے طور پر خدمات انجام دینے کے بعد، وہ 1977 سے 1981 تک امریکہ کے صدر رہے۔ ان کی قیادت میں کیمپ ڈیوڈ معاہدے جیسے تاریخی اقدامات کیے گئے، جنہیں امن کے لیے ایک اہم سنگ میل سمجھا جاتا ہے۔
جمی کارٹر کو انسانی حقوق کے فروغ اور عالمی امن کے لیے نوبل انعام بھی دیا گیا۔ ان کی اہلیہ روزالین کارٹر، جو ذہنی صحت کے مسائل کی حمایت اور انسانیت کی خدمت کے لیے مشہور تھیں، نومبر 2023 میں 96 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ کارٹر جوڑے نے 75 سال سے زائد کا عرصہ ایک ساتھ گزارا، جو کہ امریکی صدارتی تاریخ کی سب سے طویل ازدواجی زندگی تھی۔
ہبیٹیٹ فار ہیومینٹی نامی فلاحی تنظیم، جس کے ساتھ کارٹر دہائیوں تک وابستہ رہے، نے انہیں اپنا "حقیقی دوست” قرار دیا۔ ان کی قیادت میں تنظیم نے 14 ممالک میں 4300 سے زائد گھروں کی تعمیر، مرمت، اور بحالی کا کام مکمل کیا۔
صدر جو بائیڈن نے ان کی 100 ویں سالگرہ پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا تھا اور ان کی وفات پر انہیں ایک عظیم شخصیت اور عوامی خدمتگار قرار دیا۔
کارٹر کی آخری رسومات اور ان کی یاد میں عوامی تقریبات جارجیا اور واشنگٹن ڈی سی میں منعقد کی جائیں گی۔ ان کی خدمات کو دنیا بھر میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔