سعودی عرب کے پہاڑوں پر برفباری شروع ہو گئ۔ سعودی عرب اپنے خشک موسم ،صحراؤں، کھجوروں کے باغات اور حرمین شریف کی وجہ سے مشہور ہے۔ امت مسلمہ کی عقیدت مختلف مذہبی پہلوؤں کی وجہ سے اس شہر کے ساتھ منسوب ہے۔ سعودی عرب کے تمام ریجنز میں موسم تقریبا خشک اور گرم ہی رہتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بتایا جا رہا ہے کہ سعودی عرب کے تبوک ریجن میں شدید برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔ برفباری ہونے کی وجہ سے اللوز پہاڑ نے سفیدی کی چادر اوڑھ رکھی ہے۔ پاکستانی نجی ٹی وی چینل کے مطابق برف باری ہوتے ہی پہاڑ دلکش منظر پیش کرنے لگا۔ برف سے ڈھکے ہوئے پہاڑ کو دیکھنے اور موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے علاقے کا رخ کرلیا۔اللوز کا پہاڑی سلسلہ تبوک شہر سے تقریباً 200 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔
یہاں پر یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں سعودی عرب کا شمار گرم اور صحرائی علاقوں میں ہوتا ہے لیکن موسمیاتی تبدیلیوں کا بڑا اثر سعودی عرب میں بھی ہوا ہے۔ ان دنوں سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں بھی ریکارڈ کی گئی ہیں۔ بارشوں کی وجہ سے صحرا اور پہاڑ سرسبز ہوگئے ہیں۔