جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ میں قائم مقام صدر کیخلاف مواخذے کی تحریک منظور
سیول:جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ نے قائم مقام صدر ہان ڈک سو کے خلاف مواخذے کی تحریک منظور کر لی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مواخذے کے حق میں 192 ارکان پارلیمنٹ نے ووٹ دیا، جبکہ اس کی کامیابی کے لیے 151 ووٹ درکار تھے۔
رپورٹس کے مطابق، ووٹنگ کے دوران حکومتی ارکان نے شور شرابا کیا۔ یہ تحریک اس وقت پیش کی گئی جب قائم مقام صدر ہان ڈک سو نے سابق صدر یون سک یول کے خلاف کارروائی کے لیے آئینی ججوں کی تقرری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اپوزیشن نے مطالبہ کیا تھا کہ خاتون اول کی مبینہ رشوت اور مارشل لا کے معاملات کی تحقیقات دو آزاد تحقیقاتی اداروں سے کروائی جائیں۔
اس سے قبل اپوزیشن نے سابق صدر یون سک یول کے خلاف مارشل لا لگانے کی وجہ سے مواخذے کی دو تحریکیں پیش کی تھیں، جن میں سے ایک کامیاب اور ایک ناکام ہوئی تھی، جس کے بعد صدر کو عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔