قازقستان میں آذربائیجان کا مسافر طیارہ گر کر تباہ، 72 افراد سوار تھے، ہلاکتوں کا خدشہ
آستانہ:قازقستان کے شہر اکتاؤ میں آذربائیجان کا ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے کا اندیشہ ہے۔ غیر ملکی ذرائع کے مطابق طیارے میں کل 72 افراد سوار تھے، جن میں سے 5 عملے کے اراکین شامل تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، 14 مسافروں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر مسافروں کے حوالے سے کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔زخمیوں میں سے چار کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ طیارہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے جمہوریہ چیچن کے دارالحکومت گروزنی کی طرف روانہ تھا، تاہم دھند کے باعث اس کا راستہ بدل دیا گیا۔
عینی شاہدین نے دعویٰ کیا ہے کہ طیارہ دوران پرواز پرندوں کے ایک غول سے ٹکرا گیا تھا۔قازقستان کی ہنگامی امور کی وزارت کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ایمرجنسی سروسز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ مزید تفصیلات کے مطابق، حادثے سے قبل طیارے نے اکتاؤ ایئرپورٹ کے اوپر کئی بار چکر بھی لگائے تھے۔ حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔