وزیر خارجہ کو ممنوعہ علاقے میں سگریٹ نوشی مہنگی پڑ گئی
کوالالمپور :ملائیشیا کے وزیرخارجہ محمد حسن کو ممنوعہ علاقے میں سگریٹ نوشی کا شوق مہنگا پڑ گیا، جہاں ان پر جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کے وزیرصحت ذوالکفل احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ وزیرخارجہ محمد حسن کی سڑک کنارے ایک ریسٹورنٹ میں بیٹھے سگریٹ پیتے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ سگریٹ نوشی کے لیے ممنوعہ ہے اور وزیرخارجہ پر قانون کے مطابق جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ وزیر صحت کے مطابق وزیرخارجہ کے دفتر کو اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔
محمد حسن نے جرم تسلیم کرتے ہوئے خود پر جرمانہ عائد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ یاد رہے کہ ملائیشیا میں 2019 سے ریسٹورنٹس اور کھانے پینے کی دیگر جگہوں پر سگریٹ نوشی ممنوع ہے۔ قانون کے مطابق ممنوعہ علاقوں میں سگریٹ پینے والے شخص کو 5000 رنگٹ یا 1120 ڈالر تک کا جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔