دمشق میں خوارک کی شدید کمی، روٹی 900 ، مرغی 119 فیصد مہنگی
دمشق: شام کی صورتحال پر اقوامِ متحدہ کے انسانی امور کے ادارے نے ایک رپورٹ جاری کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، اقوامِ متحدہ کی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد دمشق، دیرالزور، حما اور دیگر بڑے شہروں میں خوراک کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ ادلب اور حلب میں 27 نومبر سے 9 دسمبر کے دوران روٹی کی قیمت میں 900 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جبکہ مرغی کی قیمت میں 119 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ بنیادی ضرورت کی اشیا تک رسائی بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ قنیطرہ، منبج اور دیرالزور میں خوراک کی تقسیم کا عمل متاثر ہوا ہے۔ معاشی عدم استحکام کی وجہ سے دکانیں بند ہو گئی ہیں، تاجر اجناس کو ذخیرہ کر رہے ہیں اور کم از کم 6 ہزار خاندانوں کو فوری خوراک کی امداد کی ضرورت ہے۔