میکسیکو اور سنگاپور پیچھے، ابوظہبی کا ایئرپورٹ دنیا کا بہترین قرار
دنیا کے بہترین اور خوبصورت ایئرپورٹس کی فہرست میں متحدہ عرب امارات کے زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ پرکس ورسیلیز کے سالانہ انٹرنیشنل آرکیٹیکچر ایوارڈز میں اس ایئرپورٹ کو اپنی منفرد ڈیزائن، جدید سہولیات اور دلکش طرز تعمیر کی وجہ سے دنیا کا خوبصورت ترین فضائی اڈہ قرار دیا گیا۔
عالمی سطح پر 400 ایئرپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد ابوظہبی کا زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ میکسیکو کے زومپانگو میں واقع فیلیپی اینجلز انٹرنیشنل ایئرپورٹ دوسرے نمبر پر آیا۔
تیسرے نمبر پر سنگاپور کے چانگی ایئرپورٹ کا ٹرمینل ٹو، چوتھے نمبر پر بینکاک کا سوارنا بھومی ایئرپورٹ، اور پانچویں نمبر پر بوسٹن کا لوگن انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل کیے گئے ہیں۔
ابوظہبی کا زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ اپنی شاندار تعمیراتی مہارت اور عالمی معیار کی خدمات کی وجہ سے مسافروں کے لیے ایک یادگار تجربہ فراہم کرتا ہے۔ یہ ایئرپورٹ دنیا بھر کے سیاحوں اور مسافروں کی پہلی ترجیح بنتا جا رہا ہے۔