دوران پرواز پاکستان کی فضائی حدود میں ایک مسافر کی طبیعت ناساز ہونے پر بھارتی طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول نے مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر بھارتی طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دی کیوں کہ طیارے کے پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو بتایا کہ طیارے میں موجود ایک خاتون مسافر کی طبیعت خراب ہو گئی ہے۔ بھارتی طیارے کے پائلٹ نے کراچی میں میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی درخواست کی تھی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی پرواز سعودی عرب کے شہر جدہ سے بھارت کے شہر حیدرآباد دکن جا رہی تھی جس کو جناح انٹرنیشنل ائر پورٹ کراچی کے ایئرٹریفک کنٹرول نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دی۔ البتہ طبی عملے کی جانب سے معائنے کے بعد بھارتی خاتون مسافر دم توڑ گئی جس کے بعد بھارتی ائرلائن کی پرواز خاتون مسافر کی لاش لے کر بھارت کے لیے روانہ ہوگئی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی ایک مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر ایک بھارتی طیارے نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔ ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز دبئی سے بھارتی شہر امرتسر کے روٹ پر رواں تھی جب پاکستان کی فضائی حدود بلوچستان میں کوہ پتندر کے قریب طیارے میں سوار ایک مسافر کی طبیعت ناساز ہوگئی، اس پر طیارے کے پائلٹ کے رابطہ کرنے پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرولر نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دے دی۔