عالمی مارکٹ میں تیل کی قیمتیں چار ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں۔ عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہونے کی وجہ سے ملک میں بھی پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لندن برینٹ آئل اور امریکی خام تیل کی قیمت 23 جولائی کی کم سطح سے نیچے آگئیں۔ لندن برینٹ آئل 4.42 فیصد کمی سے 77.59 ڈالر فی بیرل تک نیچے آگیا ہے۔ ایک ہی دن میں امریکی خام تیل 3 ڈالر 60 سینٹ فی بیرل سستا ہوگیا ہے اور لندن برینٹ آئل 3 ڈالر 60 سینٹ فی بیرل سستا ہوا ہے۔ امریکی خام تیل کی قیمت میں 4.67 فیصد کمی سے تیل کی قیمت 73.08 ڈالر فی بیرل تک آگئی ہے۔
چین میں بھی انرجی کی طلب میں کمی کے خدشات پر تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی کی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں کمی سے پاکستان میں بھی عوام کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ نگران وفاقی حکومت نے رواں ماہ کے آئندہ 15 دنوں کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی۔ نگران حکومت کی جانب سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 4 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 47 پیسے کمی کی گئی۔ مٹی کا تیل بھی 6 روپے 5 پیسے جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل 9 روپے سستا کیا گیا۔