نئی دہلی(ویب ڈیسک) ہندوستان کے شہر کانپور میں زیکا وائرس کے کیسز کی وبا پھیل رہی ہے، جس میں کم از کم 89 افراد میں انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے ، جن میں 17 بچے ہیں جن کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
زیکا وائرس انفیکشن کی وجہ سے بچوں کے دماغ کی افزائش رک جاتی ہے۔
کانپور ضلع کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نیپال سنگھ نے کہا، "زیکا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے اور محکمہ صحت نے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔”انہوں نے کہا کہ حکام ایسی حاملہ خواتین پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جن کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔اگرچہ گزشتہ چند سالوں میں کئی بھارتی ریاستوں میں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ اس ریاست میں زیکا وائرس کی پہلی وباء ہے۔
شہر کا پہلا کیس 23 اکتوبر کو سامنے آیا تھا اور گزشتہ ہفتے کے دوران تعداد میں خطرناک اضافہ ہوا ہے۔حکام اس وباء کی لگاتارنگرانی کر رہے ہیں اورمچھروں کی افزائش گاہوں کو تباہ کر رہے ہیں جو وائرس کا سبب بنتے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، انڈین ایئر فورس سٹیشن چکری اور اس کے آس پاس کا علاقہ اس وباء کا مرکز ہے۔نیوز آؤٹ لیٹ کے مطابق، اس بیماری کا شکار ہونے والا پہلا شخص انڈین ائیر فورس کا ایک وارنٹ آفیسر تھا جو قریب ہی رہتا تھا۔فضائیہ کے مزید تین ارکان ان لوگوں میں شامل تھے جنہوں کا اتوار کو وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ۔
محکمہ صحت کے افسران کو گھر گھر جا کر سرویلنس اور ٹیسٹنگ کے لیے نمونے لینے کو کہا گیا ہے۔
وائرس سے متاثر ہونے والے پانچ میں سے ایک شخص میں نسبتاً ہلکی علامات پیدا ہوتی ہیں جن میں بخار، پٹھوں میں درد، سرخ آنکھیں اور 3 سے 12 دن کے درمیان جلد پر خارش کا نمودار ہونا شامل ہیں۔