سعودی عرب: شہریوں کو گھر کی دہلیز پر نئی اور اہم سہولت ملے گی
ریاض:سعودی عرب کی وزارت صحت نے شہریوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر ایک نئی اور اہم سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، مملکت کی وزارت صحت نے موسمی انفلوئنزا کی ویکسینیشن کے لیے ایک ہوم سروس کا آغاز کیا ہے۔ اس سروس کے ذریعے شہری’’سنار‘‘ ایپلی کیشن کا استعمال کرتے ہوئے اپنے گھر پر ویکسینیشن کی درخواست کر سکتے ہیں۔
درخواست کرنے کے بعد، وزارت صحت کی ٹیم صارفین کے دیے گئے مقام اور وقت کے مطابق وہاں پہنچے گی اور ان کی ویکسینیشن کا عمل مکمل کرے گی۔ اس سروس کا مقصد تمام شہریوں اور رہائشیوں کے لیے ویکسین کی رسائی کو بہتر اور آسان بنانا ہے، خصوصاً ان افراد کے لیے جنہیں گھر سے باہر نکلنے میں مشکلات کا سامنا ہو۔
یہ سہولت بچوں، بوڑھے افراد، دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد، حاملہ خواتین اور صحت کے شعبے سے وابستہ کارکنان کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو گی۔ وزارت صحت نے یقین دلایا ہے کہ موسمی انفلوئنزا کی ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے اور تمام شہریوں کو اس سروس سے استفادہ کرنے کی اپیل کی ہے۔