لارا لومر سے بڑھتی قربت، میلانیا کو ٹرمپ پر نظر رکھنے کا مشورہ
واشنگٹن: امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور متنازعہ شخصیت لارا لومر کے درمیان بڑھتی ہوئی قربت نے سیاسی حلقوں میں تشویش پیدا کردی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق لارا لومر جو کہ دائیں بازو کی سازشی نظریات کی حامی ہیں حالیہ دنوں میں سابق صدر کے ساتھ زیادہ نظر آرہی ہیں جس سے ریپبلکن رہنماؤں میں بے چینی پیدا ہو چکی ہے۔
ریپبلکن نیشنل کمیٹی (آر این سی) کے سابق سربراہ مائیکل اسٹیل نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لارا لومر کے ساتھ ٹرمپ کی وابستگی نہ صرف ریپبلکن پارٹی کے ساتھ ان کے تعلقات کو نقصان پہنچا سکتی ہے بلکہ اس سے ان کے اور لومر کے درمیان افواہوں کو بھی تقویت مل رہی ہے۔
اس بڑھتی ہوئی قربت کے پیش نظر میلانیا ٹرمپ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سابق صدر کی انتخابی مہم میں زیادہ سرگرم ہو جائیں اور ان پر نظر رکھیں۔ ٹرمپ نے لومر سے فاصلہ بنانے کی کوشش کی ہے لیکن ریپبلکن پارٹی کے اتحادیوں کی جانب سے اس معاملے پر مزید دباؤ ہے۔ مائیکل اسٹیل نے میلانیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے شوہر لومر کے بہت قریب ہو رہے ہیں، لہذا انہیں زیادہ متحرک ہو کر اپنی نگرانی بڑھانی ہوگی۔