تمل ناڈو: اسکول میں جعلی این سی سی کیمپ کے دوران 13 لڑکیاں جنسی زیادتی کا شکار
تمل ناڈو کے ضلع کرشنا گری میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نجی اسکول میں نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے نام پر ایک جعلی کیمپ منعقد کیا گیا۔ اس کیمپ کے دوران 13 طالبات کے ساتھ جنسی ہراسانی اور ایک طالبہ کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب پولیس نے اسکول کے پرنسپل، دو اساتذہ اور 11 دیگر افراد کو حراست میں لیا۔ پولیس کے مطابق، کیمپ کا انعقاد اسکول انتظامیہ کی لاعلمی اور لاپروائی کی وجہ سے ہوا کیونکہ انہوں نے کیمپ منعقد کرنے والوں کے پس منظر کی جانچ کیے بغیر انہیں اسکول میں کیمپ لگانے کی اجازت دی۔
تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ اسکول کے این سی سی یونٹ کا اس کیمپ سے کوئی تعلق نہیں تھا اور کیمپ منعقد کرنے والے گروپ نے اسکول انتظامیہ کو دھوکہ دے کر یہ کیمپ لگایا۔ کیمپ کے دوران لڑکیوں کو آڈیٹوریم کے بالائی منزل پر ٹھہرایا گیا جبکہ لڑکے نچلی منزل پر تھے۔ اس دوران کسی ٹیچر کی نگرانی نہیں تھی جس کا فائدہ اٹھا کر مجرموں نے یہ گھناؤنی حرکت کی۔
پولیس افسران کے مطابق، اسکول پرنسپل کو جنسی زیادتی کے اس واقعے کا علم تھا لیکن انہوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دینے کے بجائے معاملے کو دبانے کی کوشش کی۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف بچوں کے تحفظ کے قوانین کے تحت مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس اس بات کی بھی تفتیش کر رہی ہے کہ آیا اس گروپ نے دیگر اسکولوں میں بھی اسی طرح کے جعلی کیمپ منعقد کیے ہیں یا نہیں۔