روس کے ساحلی علاقے زلزلے سے لرز اٹھے، سونامی کا الرٹ جاری
روس کے شمالی ساحلی علاقوں میں 7.2 شدت کے زلزلے نے خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ زلزلے کا مرکز پیٹروپاولوسکی کمچٹکا شہر کے قریب تھا، جہاں زلزلے کے جھٹکے شدید محسوس کیے گئے۔ جیولوجیکل محکمے کے مطابق زلزلے کا مرکز شہر سے 55 کلومیٹر دور اور گہرائی 18 میل تھی، جبکہ جھٹکے 100 کلومیٹر دور تک محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے بعد علاقے میں سونامی کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، اور ریسکیو عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
مقامی ایمرجنسی اتھارٹی نے بتایا ہے کہ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس جاری ہیں، لیکن یہ جھٹکے معمولی نوعیت کے ہیں اور ہم حالات پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں۔