مقابلہ حسن میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی بیٹی کے والد کی ججوں پر فائرنگ
الٹامیرا:برازیل کے شہر الٹامیرا میں ایک مقامی مقابلہ حسن کی تقریب میں اُس وقت خوفناک سانحہ پیش آیا جب ایک امیدوار لڑکی کے والد نے اپنی بیٹی کو چوتھی پوزیشن دینے پر ججوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔
یہ واقعہ مقابلے کے اختتام کے تقریباً دو گھنٹے بعد پیش آیا، جب مقابلے میں شرکت کرنے والی ایک لڑکی کے والد نے اپنی بیٹی کے چوتھے نمبر پر آنے پر شدید غصے کا اظہار کیا۔ انہوں نے ججوں کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے ان کے معیار کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور اچانک ججوں کی جانب فائرنگ شروع کر دی۔
اس موقع پر مقابلے کی سیکیورٹی کے لیے پرائیویٹ سیکیورٹی اور ملٹری پولیس کا عملہ بھی موجود تھا، لیکن ناراض والد نے کسی کی پرواہ نہیں کی اور ججوں پر گولیاں چلا دیں۔ خوش قسمتی سے، ان کی گولیوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی اور والد پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ بعد ازاں، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ اسپتال میں انتقال کر گئے۔
اس افسوسناک واقعہ نے پورے ملک میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ اس واقعے کے بعد مقابلے کے انعقاد پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں اور سیکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کرنے کے مطالبات زور پکڑ رہے ہیں۔