امام حرم شریف کاسوشل میڈیااستعمال کرنے والوں کیلئے اہم پیغام
جدہ:مسجد الحرام کے امام، شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے سوشل میڈیا پر شادی کے موضوع پر واضح پیغام جاری کیا ہے۔ امام کعبہ نے مسلمانوں کو تنبیہ کی کہ وہ شادی بیاہ کی تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر نہ شیئر کریں۔ ان کے مطابق، اس طرح کی تقریبات کی آن لائن نمائش سے پرہیز کرنا چاہیے تاکہ نمائش اور فضول خرچی سے بچا جا سکے۔شیخ السدیس نے معاشرتی مسائل، خاص طور پر جہیز کے مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور مسلمانوں کو ان مسائل کو حل کرنے کی سنجیدہ کوشش کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے معاشی معاملات میں توازن اور فرمانبرداری کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا چاہیے، اور فضول خرچی سے بچنا چاہیے۔امام کعبہ نے مسلمانوں کو اللہ سے ڈرنے اور اس کی عبادت کرنے کی ہدایت کی، اور کہا کہ اللہ کی عبادت ہی انسان کو اس کے قریب کرتی ہے۔ ان تمام امور سے دور رہنے کی بھی تلقین کی، جو بندے کو اللہ سے دور کر سکتے ہیں۔