ٹرمپ: کملا ہیرس کو شکست دینا بائیڈن کے مقابلے میں زیادہ آسان
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کملا ہیرس کو 2024 کے صدارتی انتخابات میں شکست دینا جو بائیڈن کے مقابلے میں زیادہ آسان ہوگا۔ سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے، ٹرمپ نے جو بائیڈن کو امریکی تاریخ کا "واحد بدترین صدر” قرار دیا۔
ٹرمپ کے مطابق، یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ بائیڈن کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے کون امیدوار ہوگا، لیکن اگر کملا ہیرس میدان میں اتریں، تو ان کے خلاف جیتنا بائیڈن کے مقابلے میں زیادہ آسان ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے صدر بائیڈن کا 2024 صدارتی انتخابات سے دستبرداری اور کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان
سابق صدر نے اپنی سوشل میڈیا سائٹ، ٹرتھ سوشل، پر جاری بیان میں جو بائیڈن کو بددیانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بائیڈن صدر بننے کے اہل نہیں تھے اور انہوں نے یہ عہدہ جھوٹ اور جعلی خبروں کے ذریعے حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیے “بائیڈن: صرف خدا ہی مجھے صدارتی دوڑ سے روک سکتا ہے”
ٹرمپ نے بائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بائیڈن کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچا ہے، اور لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن بغیر کسی جانچ پڑتال کے ملک میں داخل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بائیڈن کے صدر بننے کی وجہ سے امریکا کو بہت بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا، لیکن اس نقصان کا جلد ازالہ کیا جائے گا اور امریکا کو دوبارہ عظیم بنایا جائے گا۔