ٹرمپ پر حملہ: امریکی ایف بی آئی کو ایران کی جانب سے سازش کی معلومات ملی تھی
واشنگٹن: امریکی انٹیلی جنس اداروں کو حالیہ انتخابی مہم کے دوران سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی ایرانی سازش کی اطلاعات ملی ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے "سی این این” کی رپورٹ کے مطابق، امریکی سیکرٹ سروس نے ٹرمپ کی انتخابی مہم کو بڑھتے ہوئے خطرے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے اس "تھریٹ الرٹ” پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے، تاہم یہ واضح کیا کہ اب تک کی تحقیقات میں ٹرمپ پر قاتلانہ حملے میں کسی غیر ملکی یا امریکی شراکت دار کے ثبوت نہیں ملے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کونسل کی ترجمان اڈریان واٹسن نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے ایران نے ٹرمپ انتظامیہ کے کئی سابق ذمے داران کو قاتلانہ حملوں کی دھمکی دی تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ دھمکیاں قومی اور داخلی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور ہماری اولین ترجیح میں شامل ہیں۔
دوسری جانب، اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان الزامات کے پیچھے ایک خاص مقصد ہے۔ مشن کے بیان میں کہا گیا کہ ایران جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا حکم دینے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو مجرم مانتا ہے، لیکن ان کے خلاف قانونی کارروائی اور سزا چاہتا ہے۔