کینیڈا نے تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون فوجی افسر کو چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے عہدے پر فائز کیا ہے۔ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے لیفٹیننٹ جنرل جینی کیریگنن کو اس عہدے پر مقرر کیا ہے، جو 18 جولائی کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ جینی کیریگنن ایک تجربہ کار ملٹری انجینیئر ہیں اور اپنے 35 سالہ کیریئر کے دوران افغانستان، بوسنیا، عراق، اور شام میں فوجی دستوں کی قیادت کر چکی ہیں۔
وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ان کی تقرری پر کہا کہ جینی کیریگنن کی غیر معمولی قائدانہ صلاحیتیں، بہترین کارکردگی، اور لگن ہماری مسلح افواج کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ جینی کیریگنن ایسے وقت میں یہ عہدہ سنبھال رہی ہیں جب کینیڈا کو اپنے دفاعی اخراجات میں اضافے کے لیے اتحادیوں کے دباؤ کا سامنا ہے، مسلح افواج کو بھرتی کے اہداف حاصل کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، اور پرانے دفاعی آلات کی بروقت تبدیلی نہیں ہو رہی۔