لاہور / نئی دہلی (ویب ڈیسک) — بھارت کی جانب سے اچانک اٹاری بارڈر بند کرنے کے بعد پاکستان واپس آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق بارڈر بند ہونے کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور مسافر پریشانی میں مبتلا ہیں۔
بھارتی حکام نے انڈین پاسپورٹ رکھنے والی ایک خاتون کو بھی پاکستان جانے سے روک دیا۔ متاثرہ خاتون نے بتایا کہ امیگریشن حکام نے انہیں بھارتی پاسپورٹ ہونے کی بنیاد پر روکا، حالانکہ ان کی شادی پاکستان میں ہوئی ہے اور وہ اپنے گھر واپس جانا چاہتی ہیں۔
ادھر کراچی میں موجود ایک بھارتی خاتون، جو 40 برس بعد اپنے بھائی سے ملاقات کے لیے پاکستان آئی تھیں، اب بدلتے حالات کے باعث وطن واپس جا رہی ہیں۔ خاتون نے رخصتی سے قبل جذباتی انداز میں کہا کہ یہاں آ کر دل بہت خوش ہوا تھا لیکن اب اچانک واپسی پر دل بھر آیا ہے اور رونا آ رہا ہے۔