اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال کا پہلا مکمل چاند گرہن 14 مارچ بروز جمعہ کو ہوگا، تاہم یہ پاکستان میں نظر نہیں آئے گا کیونکہ یہ دن کے اوقات میں ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، چاند گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 57 منٹ پر ہوگا، جبکہ مکمل گرہن 11 بج کر 58 منٹ پر واقع ہوگا اور اس کا اختتام سہ پہر 3 بجے ہوگا۔
چونکہ یہ گرہن دن کے وقت ہوگا، اس لیے پاکستان، مشرق وسطیٰ، افریقہ، یورپ اور ایشیا کے دیگر خطوں میں اسے دیکھا نہیں جا سکے گا۔ تاہم، شمالی اور جنوبی امریکا کے مختلف علاقوں میں یہ واضح طور پر نظر آئے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، یہ تقریباً تین سال بعد پہلا مکمل چاند گرہن ہوگا۔ اس سے قبل آخری مکمل چاند گرہن 2022 میں ہوا تھا۔ مکمل چاند گرہن کے دوران، چاند ایک سرخی مائل رنگ اختیار کر لے گا، جسے "بلڈ مون” (خونی چاند) بھی کہا جاتا ہے۔
چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب زمین، سورج اور چاند کے درمیان آ جاتی ہے، اور زمین کا سایہ چاند پر پڑتا ہے۔ اگر زمین کا سایہ چاند کو مکمل طور پر ڈھانپ لے تو اسے مکمل چاند گرہن کہا جاتا ہے، جبکہ جزوی طور پر ڈھانپنے پر یہ جزوی چاند گرہن کہلاتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، مکمل چاند گرہن کے دوران آسمان سرخ رنگ کی روشنی سے منور ہو جائے گا۔ یہ قدرتی مظہر زمین کے ماحول میں موجود ذرات کی وجہ سے ہوتا ہے، جو سورج کی روشنی کو بکھیر دیتے ہیں اور سرخ روشنی چاند تک پہنچتی ہے، جس کی وجہ سے چاند سرخ دکھائی دیتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، 2025 میں ہونے والے چاند گرہن میں سے کچھ پاکستان میں بھی نظر آ سکتے ہیں۔ رواں سال کے دوران مزید جزوی اور مکمل چاند گرہن متوقع ہیں، جن میں سے کچھ کا نظارہ پاکستان میں بھی ممکن ہوگا۔