فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں ایک شخص نے گرفتاری سے بچنے کے لیے 21 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے ہیرے نگل لیے. غیر ملکی میڈیا کے مطابق 32 سالہ جیتھن لارنس گلائیڈر نے 26 فروری کو اورلینڈو کے ایک شاپنگ مال سے 769,000 ڈالر (تقریباً 21 کروڑ 25 لاکھ روپے) مالیت کے ہیروں کی بالیوں کے دو جوڑے چوری کیے۔
چوری کے بعد جیتھن فرار ہوگیا، لیکن پولیس نے اس کا پیچھا کرتے ہوئے ایک سڑک پر اسے گرفتار کر لیا۔ تاہم، جب تلاشی لی گئی تو پولیس کو اس کے پاس سے کوئی ہیرے برآمد نہیں ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، دورانِ تفتیش جیتھن نے عجیب انداز میں کہا، "کیا مجھے میرے پیٹ میں کچھ ہونے کی وجہ سے گرفتار کیا جا رہا ہے؟” اس بیان کے بعد پولیس کو شبہ ہوا اور ملزم کا ایکسرے کروایا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ اس کے نظامِ ہاضمہ میں کوئی چیز موجود ہے۔ حکام کا ماننا ہے کہ یہ وہی قیمتی ہیرے ہو سکتے ہیں جو جیتھن نے چوری کیے تھے۔ اب پولیس ملزم کے جسم سے ہیروں کو قدرتی طور پر نکالنے کے انتظامات کر رہی ہے، جبکہ جیتھن اس وقت پولیس کی تحویل میں ہے۔