متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی نے رہائشیوں کے لیے ویزا کی تجدید کے عمل کو تیز تر اور آسان بنانے کے لیے ایک نیا آن لائن سسٹم متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے لوگ گھر بیٹھے اپنے موبائل فون پر چند کلکس میں ویزا تجدید کروا سکیں گے۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) نے ’سلامہ‘ کے نام سے ایک آن لائن پلیٹ فارم لانچ کیا ہے جو مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس ہے۔ اس پلیٹ فارم کا افتتاح جی ڈی آر ایف اے کے ہیڈکوارٹر الجفیلیہ میں منعقدہ چوتھے سالانہ میڈیا کونسل کے دوران کیا گیا۔
دبئی امیگریشن کے سربراہ، لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری نے اس منصوبے کو دبئی کی ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا، جو رہائشیوں کی زندگی کو مزید آسان اور جدید بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ اس پلیٹ فارم کی مدد سے رہائشی افراد اور ان کے اہل خانہ اپنے ویزوں کو چند منٹوں میں تجدید کروا سکتے ہیں، جس کے لیے درج ذیل سادہ مراحل ہیں سب سے پہلے لاگ ان کرکے تجدید کی مدت منتخب کرنی ہو گی پھر فیس ادا کرکے اپڈیٹ شدہ دستاویزات ڈاؤن لوڈ کرنا ہو گا۔ یہ پورا عمل آن لائن مکمل ہوگا، جس میں کسی قسم کی کاغذی کارروائی یا قطار میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
’سلامہ‘ صارفین کو ویزا کی میعاد ختم ہونے سے پہلے نوٹیفکیشن بھیجے گا، تاکہ وہ بروقت تجدید کروا سکیں۔ اس کے علاوہ، اگر کسی خاندان کے افراد کے ویزے کی مدت ختم ہونے والی ہو، تو انہیں بھی پیشگی آگاہ کیا جائے گا۔
دبئی امیگریشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے ڈیجیٹل سروسز، کرنل خالد الفلاسی نے کہا کہ ’سلامہ‘ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے فوری اور درست جوابات فراہم کرتا ہے، جس سے حکومتی سروسز مزید مؤثر اور بہتر ہوں گی۔ ایہ ڈیجیٹل نظام دبئی کی سمارٹ گورننس کی عکاسی کرتا ہے اور متحدہ عرب امارات میں سرکاری سروسز کو زیادہ باسہولت اور جدید بنانے کے مشن کا حصہ ہے۔