رمضان المبارک کا مقدس مہینہ قریب آ رہا ہے، اور دنیا بھر میں مسلمان اس کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ آئندہ چند سالوں میں ایک سال میں دو مرتبہ رمضان المبارک کا استقبال کیا جائے گا؟ جی ہاں! 2030 میں دنیا بھر کے مسلمان ایک ہی سال میں دو مرتبہ رمضان کے مقدس مہینے کا تجربہ کریں گے۔
یہ واقعہ ہر 33 سال بعد ہوتا ہے، اور اس کی بنیادی وجہ قمری سال (Hijri Calendar) اور شمسی سال (Gregorian Calendar) کے دنوں میں فرق ہے۔ قمری سال 354 یا 355 دن پر مشتمل ہوتا ہے، جبکہ شمسی سال 365 یا 366 دن کا ہوتا ہے، یعنی قمری سال شمسی سال سے 10 سے 11 دن چھوٹا ہوتا ہے۔ اس فرق کی وجہ سے ہر سال رمضان المبارک کا آغاز تقریباً 10-11 دن پہلے ہوتا ہے۔ دبئی کے فلکیاتی ماہر حسن احمد الہریری کے مطابق قمری مہینے کی گردش کی وجہ سے یہ بالکل ممکن ہے کہ ایک ہی عیسوی سال میں دو رمضان آئیں۔
فلکیاتی حسابات کے مطابق پہلا رمضان المبارک 4 جنوری 2030 کو شروع ہوگا جبکہ دوسرا رمضان المبارک 26 دسمبر 2030 کو شروع ہوگا۔ یعنی 2030 میں مسلمان مجموعی طور پر 36 روزے رکھیں گے! آخری مرتبہ 1997 میں ایک عیسوی سال میں دو مرتبہ رمضان المبارک آیا تھا، اور اب یہ نایاب فلکیاتی واقعہ دوبارہ 2063 سے پہلے نہیں ہوگا۔