ریاض: سعودی حکومت نے مسافروں کی صحت کے تحفظ کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے گردن توڑ بخار سمیت دیگر بیماریوں کے لیے ویکسینیشن کو لازمی قرار دے دیا ہے۔
سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی (گاکا) نے دنیا بھر کی تمام ایرلائنز کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا ہے اور واضح ہدایت دی ہے کہ سعودی عرب آنے والے تمام مسافر ان ہدایات پر عمل کریں۔
سعودی ایوی ایشن کے مطابق، صحت سے متعلق ان نئی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرنا لازمی ہوگا۔ ویکسینیشن کے حوالے سے تفصیلات سعودی وزارت صحت کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ تمام ایرلائنز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے مسافروں کو گردن توڑ بخار اور دیگر بیماریوں کے خلاف ویکسینیشن مکمل کرنے کا پابند بنائیں۔
مسافروں کو سعودی عرب آمد سے کم از کم 10 دن قبل جاری کردہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔ پولی سیکرائیڈ ویکسین کے لیے سرٹیفکیٹ زیادہ سے زیادہ 3 سال اور کنجوگیٹڈ ویکسین کے لیے 5 سال سے زیادہ پرانا نہیں ہونا چاہیے۔
ہدایت کے مطابق، ایک سال یا اس سے کم عمر کے بچوں کو ان ویکسینز سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ تمام ایرلائنز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سفر کے وقت لازمی احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
سعودی ایوی ایشن کے احکامات کی خلاف ورزی پر ایرلائنز اور مسافروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔