جنوبی افریقا: عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ ہائیکنگ کے دوران ایک حادثے کا شکار ہو گئیں۔ یہ واقعہ جنوبی افریقا کے ایک مشہور تفریحی مقام پر پیش آیا جہاں جمائما سال نو کی تعطیلات منانے گئی تھیں۔
جمائما اپنے دوستوں کے ساتھ ایک 2000 فٹ بلند پہاڑی پر ہائیکنگ کر رہی تھیں کہ اترتے ہوئے پھسل کر گر گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں ان کے کندھے، ٹخنے اور پاؤں پر چوٹیں آئیں۔
انہیں زخمی حالت میں فوری طور پر کیپ ٹاؤن کے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں حادثے کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہو رہی تھیں جب یہ واقعہ پیش آیا۔ پوسٹ میں انہوں نے اسپتال کے بستر پر لیٹی اپنی تصاویر بھی شیئر کیں، جہاں وہ زخمی دائیں پاؤں میں حفاظتی جوتے پہنے ہوئے ہیں۔
ایک اور تصویر میں جمائما بیساکھیوں کے ساتھ کھڑی ہیں لیکن تکلیف کے باوجود مسکرا رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو تسلی دیتے ہوئے لکھا کہ وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہیں اور مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
جمائما گولڈ اسمتھ اور عمران خان کی شادی 1995 میں ہوئی تھی۔ دونوں کے دو بیٹے، سلیمان اور قاسم ہیں۔ شادی کے نو سال بعد 2004 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کی تھی۔