چین کے دور دراز علاقے تبت میں منگل کی صبح 7.1 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 32 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہو گئے، جبکہ متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں
فرانسیسی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو اور بھارت کے کچھ حصوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ چینی سرکاری نشریاتی ادارے ‘سی سی ٹی وی’ کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زلزلے کے بعد کئی مکانات کی دیواریں ٹوٹی ہوئی ہیں اور ملبہ بکھرا ہوا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی، جبکہ چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر (سی ای این سی) نے اسے 6.8 قرار دیا۔ یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 5 منٹ پر آیا
چینی خبر رساں ادارے ‘شنہوا’ کے مطابق، زلزلے کے نتیجے میں 32 افراد کی موت اور 38 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ مقامی حکام زلزلے کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں سے رابطہ کر رہے ہیں
چین کے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ڈنگری میں درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ کے آس پاس ہے اور شام میں یہ منفی 18 تک گر جائے گا۔ تبت کے اس علاقے میں تقریباً 62 ہزار افراد رہتے ہیں اور یہ ماؤنٹ ایورسٹ کے چینی حصے میں واقع ہے۔
سی ای این سی نے کہا کہ اگرچہ اس خطے میں زلزلے عام ہیں، لیکن یہ زلزلہ گزشتہ 5 سال میں 200 کلومیٹر کے دائرے میں ریکارڈ کیا جانے والا سب سے طاقتور زلزلہ تھا۔
نیپال میں ایورسٹ کے قریب بلند و بالا پہاڑوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ نیپال کے علاقے نامچے کے سرکاری عہدیدار جگت پرساد بھوسل نے کہا کہ زلزلے کی شدت بہت زیادہ تھی اور ہر کوئی الرٹ ہے، لیکن ابھی تک کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
چینی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے بھارت، بھوٹان اور بنگلہ دیش میں بھی محسوس کیے گئے۔ نیپال کے سولوخمبو ضلع کے چیف ڈسٹرکٹ افسر انوج راج گھمیرے نے کہا کہ ہم نے طاقتور زلزلہ محسوس کیا، لیکن ابھی تک کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
یاد رہے کہ نومبر 2023 میں شمال مغربی نیپال میں 5.6 شدت کے زلزلے میں کم از کم 138 افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ 2015 میں نیپال میں 7.8 شدت کے زلزلے میں 9 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ 2008 میں جنوبی چین کے سچوان صوبے میں زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 70 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی ہاؤس…
واشنگٹن:امریکی عدالت نے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف جاری مقدمے میں سزا…
اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ’’رائٹ سائزنگ‘‘کے تحت حکومتی وزارتوں اور محکموں میں 60 فیصد خالی ملازمتیں ختم…
دانتوں کا علاج یادداشت کو بہتر کرنے میں مددگار ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دانتوں…
ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو امریکا کی 51ویں ریاست بنانے کی تجویز نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا…
خواتین کو شوہر یا والدین کی اجازت کے بغیر حج پر جانے کی اجازت نہیں، وزارت مذہبی امور وزارت مذہبی…