بیجنگ: چین میں کورونا کے پانچ سال بعد ایک اور خطرناک وائرس، ہیومن میٹاپنیو وائرس (HMPV)، تیزی سے پھیل رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، اس وائرس سے متاثر افراد میں نزلہ اور کورونا جیسی علامات دیکھنے کو مل رہی ہیں، جبکہ اسپتالوں میں مریضوں کی بھرمار کی اطلاعات ہیں۔ بعض رپورٹس کے مطابق، کئی افراد اس وائرس کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
ایچ ایم پی وی سے متاثر ہونے والوں کو نزلے جیسی عام علامات کا سامنا ہے، لیکن یہ کورونا جیسی پیچیدہ علامات بھی پیدا کر سکتا ہے۔ چین کے صحت کے حکام اس صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو قابو میں رکھا جا سکے۔
سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں اسپتالوں میں مریضوں کا رش دکھایا گیا ہے۔ انٹرنیٹ صارفین کا دعویٰ ہے کہ انفلوئنزا، ایچ ایم پی وی، نمونیا، اور کورونا وائرس کی وبائیں ایک ساتھ پھیل رہی ہیں۔
یاد رہے کہ ماضی میں دنیا بھر میں لاکھوں اموات کا سبب بننے والا کورونا وائرس بھی چین سے ہی شروع ہوا تھا اور عالمی وبا کی شکل اختیار کر گیا تھا۔