سالِ نو کے جشن کے دوران امریکا میں دو دنوں میں دوسرا بڑا حملہ پیش آیا، جس میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نیویارک میں رات گئے ایک نائٹ کلب کے باہر نامعلوم شخص نے چلتی گاڑی سے فائرنگ کر دی۔ اس وقت بڑی تعداد میں لوگ نائٹ کلب سے باہر نکل رہے تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ فائرنگ سے 11 افراد زخمی ہوئے، جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ تین زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس حملہ آور اور اس کی گاڑی کی تلاش کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز سے مدد لے رہی ہے لیکن تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
نیویارک پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہ حملہ آور نے گاڑی سے ہی نائٹ کلب کے باہر لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملزم کو پکڑنے میں مدد کریں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب ایک دن پہلے نیو اورلینز میں سالِ نو کے جشن کے دوران ایک شخص نے گاڑی ہجوم پر چڑھا دی تھی، جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوگئے تھے۔