بھارتی ریاست اترپردیش کے گاؤں حامد پور میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں کھانے میں تاخیر کے باعث دولہا نے بارات واپس لے جانے کے بعد دوسری شادی کر لی۔
یہ واقعہ 22 دسمبر کو پیش آیا جب دلہن کی شادی مہتاب نامی نوجوان سے ہونی تھی۔ شادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری تھیں اور بارات کا استقبال مٹھائی سے کیا گیا۔ لیکن کھانے میں تاخیر ہونے پر دولہا کے ایک رشتہ دار نے اعتراض کیا اور ہنگامہ کھڑا کر دیا۔
دلہن کے اہل خانہ نے معاملات کو سلجھانے اور باراتیوں کو منانے کی بہت کوشش کی، لیکن باراتی شادی چھوڑ کر وہاں سے چلے گئے۔
شادی چھوڑنے کے بعد مہتاب نے اسی رات اپنی ایک رشتہ دار سے نکاح کر لیا۔ جب یہ خبر دلہن کے خاندان کو ملی تو وہ سکتے میں آگئے۔
دلہن کے خاندان نے پولیس میں شکایت درج کراتے ہوئے 7 لاکھ روپے کے نقصان کا دعویٰ کیا، جس میں جہیز میں دی گئی رقم بھی شامل ہے۔ انہوں نے دولہا اور اس کے خاندان کے پانچ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
دلہن کے بھائی راجو نے بتایا کہ پولیس کے اعلیٰ افسر نے کارروائی کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن ابھی تک کسی نے ان سے رابطہ نہیں کیا۔