امیر مردوں کو دھوکہ دینے والی دلہن گرفتار
بھارت میں پولیس نے ایک ایسی خاتون کو گرفتار کیا ہے جو امیر مردوں سے شادی کرکے انہیں لوٹنے میں ماہر تھی۔ سیما عرف نکی، جو اتراکھنڈ کی رہائشی ہے، نے مختلف مردوں کو اپنے جال میں پھنسایا اور بڑی رقوم بٹوریں۔
سیما نے 2013 میں اپنی پہلی شادی آگرہ کے ایک تاجر سے کی۔ کچھ عرصے بعد، اس نے تاجر کے خاندان پر مقدمہ کیا اور صلح کے بدلے 75 لاکھ روپے لے لیے۔
2017 میں، سیما نے گروگرام کے ایک سافٹ ویئر انجینئر سے شادی کی۔ بعد میں، علیحدگی کے وقت اس نے 10 لاکھ روپے حاصل کیے۔
2023 میں، سیما نے جے پور کے ایک تاجر سے شادی کی، لیکن جلد ہی 36 لاکھ روپے کے زیورات اور نقدی لے کر غائب ہوگئی۔
تاجر کے خاندان کی شکایت پر پولیس نے سیما کو گرفتار کر لیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ سیما شادی کے لیے عام طور پر میچ میکنگ ویب سائٹس پر ایسے مردوں کو تلاش کرتی تھی جو یا تو طلاق یافتہ ہوتے یا بیویوں سے محروم ہوتے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سیما نے مختلف شادیوں کے ذریعے کل ایک کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے کمائے۔
سیما امیر مردوں کو شادی کے بہانے دھوکہ دیتی اور بعد میں ان سے پیسے یا زیورات لے کر غائب ہو جاتی۔ اس کے یہ فراڈ کئی ریاستوں میں جاری رہے، لیکن آخر کار پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔