امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں یوٹیوب چینل پر فالوورز اور ویوز بڑھانے کیلئے اپنے ہی طیارے کو تباہ کرنے والے یوٹیوبر پائلٹ کو 6 ماہ قید کی سزا سنادی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کیلیفورنیا میں سرکاری وکیل نے عدالت کو کہا کہ یوٹیوبر پائلت جیکب نے یہ جرم اپنے لیے سوشل میڈیا فالوورز بڑھانے اور مالی فائدہ حاصل کرنے کے لیے کیا تھا، اس قسم کے طرز عمل کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
یاد رہے کہ 30 سالہ یوٹیوبر پائلٹ ٹریور جیکب نے دسمبر 2021 میں کیلی فورنیا میں اپنا طیارہ اُڑایا اور یوٹیوب چینل کے لیے ویڈیو بھی بناتے رہے۔ اسی دوران وہ پیراشوٹ کے ذریعے چھلانگ لگا کر طیارے سے باہر نکل گئے اور طیارے کو زمین پر گرنے دیا۔
طیارہ زمین پر گر کے تباہ ہو گیا۔ اس کے بعد انہوں نے اس سارے خطرناک ایڈوینچر کی ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کردی تھی۔ ویڈیو کو اب تک تقریباً 33 لاکھ لوگوں نے دیکھ لیا ہے۔ امریکا کی فیڈرل ایوی ایشی ایڈمنسٹریشن نے جان بوجھ کر اپنے طیارے کو تباہ کرنے اور کسی بڑے حادثے کے امکان کو بڑھانے پر یوٹیوبر جیکب کو گرفتار کرکے ان کا جہاز اُڑانے کا لائسنس منسوخ کردیا تھا۔ البتہ اب انہیں پائلٹ کا لائسنس تو واپس مل چکا ہے تاہم وہ 6 ماہ جیل میں گزاریں گے۔