آن لائن آرڈر کے 2 سال بعد صارف کو پریشر کوکر موصول
آن لائن شاپنگ کے ذریعے لوگوں کو گھر بیٹھے خریداری کی سہولت ملتی ہے، جو وقت اور توانائی کی بچت کرتی ہے۔ لیکن بعض اوقات، یہ تجربہ نہایت غیر متوقع اور دلچسپ بھی ہو سکتا ہے۔ ایک بھارتی صارف کا آن لائن شاپنگ کا تجربہ حال ہی میں اس قدر حیرت انگیز ثابت ہوا کہ سوشل میڈیا پر ایک خاص بات بن گئی۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر شیئر کی گئی پوسٹ کے مطابق،صارف نے ایمازون سے دو سال قبل کھانا پکانے کے لئے ایک پریشر ککر کا آرڈر دیا تھا۔ آرڈر کرنے کے فوراً بعد صارف نے اسے کینسل کردیا اور ان کی ادا کردہ رقم بھی واپس کردی گئی۔ لیکن، حیرت انگیز طور پر، دو سال بعد وہ کینسل شدہ آرڈر ان کے دروازے پر پہنچ گیا۔
صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا "آپ کا شکریہ، ایمیزون 2 سال بعد میرا آرڈر پہنچانے کے لیے۔ کُک طویل انتظار کے بعد خوش ہے، یہ بہت ہی خاص پریشر ککر ہوگا۔” پوسٹ کے ساتھ صارف نے آرڈر رسید کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا، جس میں ظاہر ہوتا ہے کہ آرڈر یکم اکتوبر 2022 کو دیا گیا تھا اور اسے 28 اگست 2024 کو موصول کیا گیا۔
صارف کی اس پوسٹ نے وائرل ہو کر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع کر دیا۔ بہت سے لوگوں نے اس غیر معمولی تاخیر پر مزاحیہ تبصرے کئے، کچھ نے اسے "مریخ سے موصول ہونے والا آرڈر” قرار دیا، جبکہ دیگر نے اپنی ڈیلیوری میں تاخیر کی کہانیاں شیئر کیں۔