ڈاکٹروں نے شہری کے پیٹ سے زندہ بام مچھلی نکال لی
ہنوئی :غیر متوقع حالات میں بھی فوری اور درست تشخیص اور علاج انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ ویت ڈک اسپتال کے ڈاکٹروں کی فوری کارروائی اور مہارت نے ایک بھارتی شہری کی جان بچا لی جو کہ طبی میدان میں ایک اہم کامیابی ہے۔
ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں واقع ویت ڈک ہسپتال کے ڈاکٹرز نے ایک غیرملکی باشندے کے پیٹ سے زندہ بام مچھلی نکال کر انتہائی حیران کن کامیابی حاصل کر لی ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ ایک 31 سالہ بھارتی شہری کے ساتھ پیش آیا جو شدید پیٹ درد کی شکایت لے کر ہنوئی کے ویت ڈک اسپتال کے ایمرجنسی روم میں داخل ہوا۔ مریض درد سے کراہ رہا تھا اور فوری طور پر علاج کی ضرورت تھی۔
ڈاکٹروں کے مطابق، ابتدا میں ان کو مریض کی بات پر یقین نہیں آیا جب اس نے کہا کہ اس کے پیٹ میں مچھلی ہے۔ تاہم، ایکس رے امیجنگ اور الٹراساؤنڈ ٹیسٹ کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ اس کے پیٹ میں واقعی ایک زندہ بام مچھلی موجود ہے۔ یہ مچھلی اس کی آنتوں کو کاٹ کر اس کے پیٹ میں داخل ہو گئی تھی۔
ویت ڈک اسپتال کے سرجنز نے فوری طور پر ہنگامی سرجری کی اور بھارتی نوجوان کی جان بچائی۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا، "ہم نے لوگوں کے جسموں میں بہت سی چیزیں دیکھی ہیں، لیکن ایک زندہ بام مچھلی کبھی نہیں دیکھی”۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیس ان کے کیریئر کا سب سے غیر معمولی کیس تھا۔
سرجری کے بعد، مریض کی حالت مستحکم ہے اور وہ تیزی سے صحتیاب ہو رہا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر سرجری میں تاخیر ہوتی تو یہ حالت جان لیوا ثابت ہو سکتی تھی۔
یہ واقعہ دنیا بھر میں میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ویتنام کے ڈاکٹروں کی مہارت اور فوری ردعمل نے ایک انسانی جان بچا لی اور اس واقعے نے طبی میدان میں ایک نئی مثال قائم کی۔