مچھلی اور گوشت نہ ملنے پر شادی کی تقریب جنگ کا میدان بن گئی
اترپردیش (13 جولائی 2024): بھارتی ریاست اترپردیش کے گاؤں آنند نگر میں جمعرات کو ایک شادی کی تقریب کھانے میں مچھلی اور گوشت نہ ہونے پر میدان جنگ بن گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، کھانے میں نان ویج ڈشز نہ ہونے پر دولہا اور دلہن کے رشتہ داروں کے درمیان شدید جھگڑا شروع ہوگیا۔
دولہا کے خاندان کے افراد نے غصے میں آ کر دولہن کے رشتہ داروں پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کر دی اور کرسیاں بطور ہتھیار استعمال کیں۔ تقریب میں موجود مینیو میں پنیر، پلاؤ، اور مختلف سالن شامل تھے، لیکن نان ویج کھانوں کی عدم موجودگی پر دولہا کے خاندان نے ہنگامہ کھڑا کر دیا۔
ہنگامہ آرائی کے بعد شادی ملتوی کر دی گئی اور دولہا جائے وقوعہ سے دلہن کو لیے بغیر ہی چلا گیا۔ اس واقعے کے بعد دلہن کے اہل خانہ نے لڑکے والوں کے خلاف پولیس میں مار پیٹ اور جہیز مانگنے کی شکایت درج کرائی۔
دلہن کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ انہوں نے جہیز میں دولہا کو گاڑی خریدنے کے لیے 5 لاکھ روپے، ایک تلک سیٹ، اور 20 ہزار مالیت کی سونے کی دو انگوٹھیاں دی تھیں۔