جرمن شہری نے پانی کے اندر 120 دن گزار کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
جرمنی سے تعلق رکھنے والے 59 سالہ ایرو اسپیس انجینئر روڈیگر کوچ نے پانی کے اندر 120 دن رہ کر ایک نیا عالمی ریکارڈ بنایا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، روڈیگر کوچ نے پاناما کے ساحل پر سمندر کی گہرائی میں 320 اسکوائر فٹ کے خصوصی کیپسول میں 120 دن گزارے۔ اس دوران چار کیمروں کی مدد سے ان کی ذہنی صحت اور روزمرہ کی سرگرمیوں پر نظر رکھی گئی۔
اس سے پہلے یہ ریکارڈ امریکی شہری جوزف ڈٹوری کے پاس تھا، جنہوں نے فلوریڈا کی ایک جھیل میں 100 دن پانی کے نیچے گزارے تھے۔
روڈیگر کے زیرِ آب کیپسول میں زندگی کی تمام ضروری سہولیات موجود تھیں، جن میں ایک بستر، بیت الخلا، ٹی وی، کمپیوٹر، انٹرنیٹ، اور ورزش کے لیے ایک ایکسرسائز بائیک شامل تھی۔
کیپسول کو پانی کے اوپر موجود ایک چیمبر سے جوڑا گیا تھا، جس کی مدد سے باہر کی دنیا سے رابطہ رکھا گیا۔ چیمبر تک رسائی کے لیے ایک سیڑھی نصب کی گئی تھی، جو کھانے پینے کی اشیا پہنچانے اور مہمانوں کے لیے راستہ فراہم کرتی تھی۔ بجلی کی فراہمی کے لیے شمسی پینل اور ایک بیک اپ جنریٹر بھی موجود تھا۔
روڈیگر کوچ کا کہنا تھا کہ ان کا یہ تجربہ انسانی زندگی کے حوالے سے سوچ کے انداز کو بدل سکتا ہے۔ ان کے مطابق، پانی کے اندر مستقل رہائش کے امکانات ممکن ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، "ہم اس تجربے کے ذریعے یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ سمندر انسانوں کے رہنے کے لیے ایک قابلِ عمل جگہ بن سکتا ہے۔”