ٹرین سے چادریں اور تولیے چوری کرنے والے رنگے ہاتھوں گرفتار، ویڈیو وائرل
بھارتی ریلوے، جو زیادہ رش، ناقص صفائی اور غیرمعیاری کھانے کی وجہ سے مسلسل تنقید کا شکار رہتی ہے، اس بار ایک منفرد وجہ سے سرخیوں میں ہے: چوری کے واقعات۔
شہر پریاگ راج سے سامنے آنے والی ایک وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریلوے ملازمین پلیٹ فارم پر سامان کی تلاشی کے دوران مسافروں کے پاس سے چوری شدہ اشیاء برآمد کرتے ہیں۔ ان اشیاء میں ٹرین کی بوگی سے چرائی گئی بیڈ کی چادریں اور تولیے شامل تھے۔ ملازمین نے چور مسافروں کو موقع پر ہی پکڑ لیا۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا ویب سائٹ Reddit پر ایک صارف whoismayankk نے شیئر کی، جو اب تک 4,200 سے زائد اپ ووٹس حاصل کر چکی ہے اور تبصروں کا طوفان برپا کر چکی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو پر سخت ردعمل ظاہر کیا، جہاں بیشتر نے مسافروں کے اس رویے کی مذمت کی اور سخت سزاؤں کا مطالبہ کیا۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا، "آج کل لوگوں میں اخلاقیات کا فقدان ہے۔ سخت قوانین اور کم ہمدردی ہی معاشرتی رویے کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ معاشرے میں تبدیلی صرف کسی سخت اقدام کے بعد ہی ممکن ہوتی ہے۔”
یہ واقعہ ریلوے کے نظام پر مزید سوالات اٹھا رہا ہے اور یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ مسافروں کے اس غیرذمہ دارانہ رویے کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔