محکمہ موسمیات نے دسمبر میں بارشوں کے حوالے سے خبر دیدی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے دسمبر میں بہت زیادہ بارشیں نہ ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔ دسمبرمیں موسم اور بارشوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دسمبرمیں بارشوں کے ایک یا دو اسپیل آسکتے ہیں تاہم فوگ یا سموگ میں کمی آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ کچھ عرصے سے دسمبر میں معمول سے کم بارشیں ہو رہی ہیں۔صبح کے درجہ حرارت میں کولڈ ونڈ کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی ہو رہی ہے،آنے والے دنوں میں درجہ حرارت مزیدکم ہوگا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے موسم کی پیشگوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلودرہے گا۔
اس دوران گلگت بلتستان ، چترال اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی توقع ہے۔ پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں سموگ /دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا ۔