صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ بلوچستان کے علاقے اوتھل میں شہریوں نے شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 3.8 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کامرکز اوتھل سے 20 کلو میٹر دور جنوب مغرب میں واقع تھا۔
زلزلے کی وجہ سے علاقے میں خوف حراس بھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق زلزلے کی وجہ سے کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ خیال رہے کہ پاکستان اور ہمسایہ ممالک میں گزشتہ چند ماہ میں کئی مرتبہ زلزلہ آیا ہے جبکہ 1 ماہ قبل افغانستان میں زلزلے نے شدید تباہی مچائی تھی۔
سائنسدانوں کے مطابق زمین کے نیچے موجود ٹیکٹانک پلیٹوں کی حرکت کی وجہ سے زلزلہ آتا ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں ان پلیٹوں کی حرکت میں کافی تبدیلی محسوس کی گئی ہے جس کی وجہ سے زلزلوں کے تسلسل اور شدت مین اضافہ ہوا ہے۔ ابھی تک دنیا میں کوئی بھی ایسا آلہ ایجاد نہین کیا جا سکا جس کے ذریعے زلزلے کی وقت سے پہلے پیشگوئی کی جا سکے۔