تصویر ایڈٹ کرانا اور میٹا اے آئی سے بات کرنا ممکن ہوگیا
واٹس ایپ صارفین کے لیے میٹا اے آئی کے حیران کن اور نئے فیچرز متعارف کروا دیے گئے ہیں، جن کے ذریعے اب صارفین میٹا اے آئی کو تصاویر بھیج کر نہ صرف سوالات پوچھ سکتے ہیں بلکہ ان تصاویر کو ایڈٹ کرنے کے متعلق ہدایات بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
میٹا کنیکٹ ایونٹ میں ان فیچرز کی نقاب کشائی کی گئی ہے، جہاں میٹا نے واٹس ایپ کے لیے ان نئی خصوصیات کا اعلان کیا۔ میٹا نے ساتھ ہی ہالی وڈ اسٹارز پر مبنی اے آئی اسسٹنٹس بھی لانچ کیے ہیں، جن سے واٹس ایپ صارفین ریئل ٹائم میں بات چیت کرسکیں گے۔
مارک زکربرگ کی قیادت میں کمپنی نے کہا ہے کہ ان اپڈیٹس سے صارفین کے لیے نئے آئیڈیاز تلاش کرنا، چیٹس کو بہتر بنانا اور تجربے میں جدت لانا مزید آسان ہوجائے گا۔
میٹا کی جانب سے متعارف کردہ بہت سی نئی خصوصیات میں سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا فیچر "وائس موڈ” ہے۔ یہ فیچر صارفین کو ریئل ٹائم میں چیٹ بوٹ کے ساتھ براہِ راست بات چیت کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
میٹا اے آئی کا استعمال کیسے ممکن ہے؟ میٹا اے آئی کا وائس موڈ فیچر کچھ عرصے سے واٹس ایپ کی بیٹا ایپلی کیشن میں موجود تھا، لیکن اب اسے عام صارفین کے لیے بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
واٹس ایپ کے لیے میٹا اے آئی کے نئے فیچرز:
ٹاک ٹو می: واٹس ایپ صارفین اس فیچر کے ذریعے ویوفارم بٹن دبا کر اے آئی چیٹ بوٹ سے بات کرسکتے ہیں اور مختلف سوالات پوچھ سکتے ہیں۔
لُک ایٹ دِس: اب میٹا اے آئی تصاویر کو تجزیہ کرکے یہ بتا سکتا ہے کہ وہ کیا دیکھ رہا ہے اور ساتھ ہی تصویر کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کے جواب دے سکتا ہے۔
ایڈٹ مائی فوٹو: صارفین میٹا اے آئی کو اپنی تصاویر ایڈٹ کرنے کے لیے بھی بھیج سکتے ہیں اور چیٹ بوٹ سے مختلف ایڈٹ آپشنز کے بارے میں سوالات کر سکتے ہیں۔
میٹا نے وعدہ کیا ہے کہ جلد ہی مختلف مشہور شخصیات کی آوازوں کو بھی میٹا اے آئی میں شامل کیا جائے گا تاکہ صارفین کو ایک منفرد اور دلچسپ تجربہ فراہم کیا جا سکے۔