موسمیاتی تبدیلیوں کی درست پیشگوئی،امریکہ نے 100 ملین ڈالرز کا کمپیوٹر سسٹم متعارف کروا دیا
واشنگٹن: امریکی حکومت نے ایک جدید ہائی پرفارمنس کمپیوٹر تیار کیا ہے جس کی لاگت 100 ملین ڈالرز ہے اور یہ مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے موسم اور موسمیاتی تبدیلیوں کی زیادہ درست پیشگوئی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔یہ کمپیوٹر نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن (NOAA) کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں، سمندری پیشگوئیوں اور ماحولیاتی نظام کے متعلق تحقیق میں معاونت فراہم کرے گا۔
اس جدید سسٹم کو Rhea کا نام دیا گیا ہے، جو انتہائی تیز رفتار پروسیسنگ کی بدولت موسمیات سے متعلق بڑے پیمانے پر ڈیٹا کا تجزیہ کر سکتا ہے۔اسسٹنٹ سیکرٹری آف کامرس، مائیکل سی مورگن کے مطابق، Rhea کمپیوٹنگ کی صلاحیت میں اضافے کا باعث بنے گا اور ملک کی موسمیاتی تحقیق کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
Rhea کمپیوٹر سسٹم موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھایا جانے والا ایک بڑا اقدام ہے، جو مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے پیشگوئی کے عمل کو زیادہ تیز اور درست بنائے گا۔ یہ نظام موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو بہتر انداز میں سمجھنے اور ان کے لیے بہتر تیاری کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔