میٹا نے واٹس ایپ میں اہم تبدیلی کا اعلان کردیا
میٹا نے اپنی مشہور میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ میں ایک بڑی تبدیلی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت صارفین اب اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو میٹا کے "اکاؤنٹ سینٹر” میں شامل کر سکیں گے۔
اکاؤنٹ سینٹر ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو فیس بک، انسٹاگرام، اور میٹا کے دیگر اکاؤنٹس کو ایک جگہ پر کنٹرول کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اب واٹس ایپ کے اس پلیٹ فارم میں شامل ہونے کے بعد، صارفین اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس کو براہِ راست فیس بک اور انسٹاگرام پر اسٹوریز کے طور پر کراس پوسٹ کرسکیں گے۔
اس اپ ڈیٹ کے بعد، صارفین کو الگ سے فیس بک یا انسٹاگرام ایپ کھولنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ وہ باآسانی اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس کو دیگر میٹا ایپس پر شیئر کرسکیں گے۔ مزید برآں، سنگل سائن آن (Single Sign-On) فیچر بھی متعارف کروایا جا رہا ہے، جس سے صارفین ایک ہی اکاؤنٹ کے ذریعے میٹا کی تمام ایپس میں لاگ اِن ہو سکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق، صارفین کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ اپنی مرضی سے اکاؤنٹس سینٹر سے لنک ہوں، کیونکہ یہ آپشن بائی ڈیفالٹ ڈِس ایبل ہوگا۔
میٹا نے یقین دہانی کروائی ہے کہ واٹس ایپ صارفین کے میسجز اور کالز کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ رکھا جائے گا، اور اکاؤنٹ سینٹر میں شامل ہونے کے باوجود ان کی پرائیویسی متاثر نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ میٹا نے اکاؤنٹ سینٹر 2020 میں متعارف کروایا تھا تاکہ صارفین میٹا کی مختلف ایپس کو ایک جگہ سے منسلک اور کنٹرول کر سکیں۔ اس وقت تک اکاؤنٹ سینٹر کے ذریعے فیس بک، انسٹاگرام، اور میٹا کوئسٹ اکاؤنٹس کو کنٹرول کیا جا رہا تھا، لیکن اب واٹس ایپ کو بھی اس کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔