پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ نے دورہ آسٹریلیا کے دوران پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے سخت ضابطے متعارف کروا دیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کھلاڑیوں کو محتاط کیا ہے کہ وہ ڈریسنگ روم میں سونے سے گریز کریں ورنہ انہیں بھاری جرمہ ادا کرنا پڑے گا۔
قومی ٹیم کی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کے تحت جو کھلاڑی ڈریسنگ روم میں خواب خرگوش کے مزے لیتا پکڑا گیا تو اسے 500 ڈالر کا جرمہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جب پچھلی مینجمنٹ انچارج تھی بعض کھلاڑی جو پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں تھے وہ ڈریسنگ روم میں سوتے تھے ۔ البتہ نئی ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ اس وقت سو جائیں جب وہ سٹیڈیم کے بجائے ہوٹل میں موجود ہوں۔ نئے قوانین کا مقصد پیشہ ورانہ مہارت کو فروغ دینا اور توجہ مرکوز کرنا ہے۔
واضح رہے کہ ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ قوائد و ضوابط کے حوالے سے کافی سخت مشہور ہیں اسی لیے ٹیم میں انہیں پروفیسر کہا جاتا ہے۔ حفیظ کا کہنا ہے اگر کھلاڑی سوتا ہوا نظر آئے تو اس سے ٹیم سست دکھائی دیتی ہے اور امیج بھی اچھا نہیں بنتا۔