النصر فٹبال کلب کے سابق گول کیپر ولید عبداللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اسلام میں دلچسپی رکھتے ہیں اور اس حوالے سے ان سے گفتگو بھی کر چکے ہیں۔
سعودی چینل ’لاسٹ سیشن‘ میں بات کرتے ہوئے ولید نے کہا کہ جب رونالڈو نے النصر کلب میں شمولیت اختیار کی تو وہ ان کے بہت قریب رہے، کیونکہ رونالڈو کو یہاں کی ثقافت، کلب اور دیگر معاملات کے بارے میں جاننے کی ضرورت تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام کے بارے میں گفتگو کے دوران رونالڈو نے خاصی دلچسپی ظاہر کی۔ ایک موقع پر انہوں نے میدان میں گول کرنے کے بعد سجدہ بھی کیا تھا، جس پر تمام کھلاڑیوں نے مل کر ’اللہ اکبر‘ کا نعرہ بلند کیا۔
رونالڈو کا احترام اس بات سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اذان کے وقت ٹریننگ روکنے کی درخواست کرتے ہیں۔ ولید کے مطابق، رونالڈو کے اس عمل نے نہ صرف انہیں بلکہ دیگر ساتھی کھلاڑیوں کو بھی متاثر کیا۔
سابق گول کیپر نے کہا کہ چاہے رونالڈو اسلام قبول کریں یا نہ کریں، ان کی اصول پسندی اور منظم شخصیت نے انہیں عالمی فٹبال میں بلند مقام دیا ہے۔