بھارت کے کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے 2031 تک بھارت میں شیڈول آئی سی سی ایونٹس کے لیے پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل کو ناقابل قبول قرار دے دیا ہے۔
بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ بھارت میں سیکیورٹی کے کوئی خدشات نہیں ہیں، اس لیے تمام ایونٹس مکمل طور پر بھارت میں منعقد کیے جائیں گے۔ پی سی بی کی تجویز تھی کہ اگر چیمپیئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرتی تو پھر پاکستان بھی بھارت میں ہونے والے ایونٹس کے لیے ہائبرڈ ماڈل کا مطالبہ کرے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی وفد نے پہلے ہی پاکستان کا دورہ کرکے سیکیورٹی اور اسٹیڈیمز کی صورتحال کا جائزہ لیا اور کسی قسم کا اعتراض نہیں اٹھایا، تاہم بھارت نے سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر پاکستان جانے سے انکار کر دیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت کے ایونٹس کے لیے ہائبرڈ ماڈل تسلیم نہیں کیا گیا تو ڈیڈلاک برقرار رہے گا۔