عمر گل اور سعید اجمل کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچز مقرر کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹرز سعید اجمل اور عمر گل پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچز مقرر کردیے گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سعید اجمل سپن بولنگ کوچ جبکہ عمر گل فاسٹ بولنگ کوچ ہوں گے۔ دونوں کوچز کی پہلی اسائنمنٹ دورۂ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ہے۔
خیال رہے کہ 39 سالہ عمر گل رواں برس افغانستان کے خلاف شارجہ میں ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز میں بولنگ کوچ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ عمر گل گزشتہ پی ایس ایل سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلنگ کوچ اور آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2022ء میں افغانستان کے باؤلنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
عمر گل نے 2003 سے 2016 کے درمیان پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 47 ٹیسٹ، 130 ون ڈے اور 60 ٹی ٹونٹی میچز کھیل رکھے ہیں۔ عمر گل نے کوچنگ کی ذمہ داری ملنے پر کہا ہے کہ وہ پاکستان ٹیم کی فاسٹ بولنگ کو نئی بلندیوں پر پہنچانے کی کوشش کریں گے۔
سابق عالمی نمبر ایک ون ڈے باؤلر سعید اجمل قومی ٹیم کے اسپن باؤلنگ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ سعید جس نے 2008 میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا، انہوں نے 35 ٹیسٹ، 113 ون ڈے اور 64 ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تینوں فارمیٹس میں 447 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ اسپن باؤلنگ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ 46 سالہ سعید اجمل نے کوچنگ کی ذمہ داری ملنے پر کہا ہے کہ موقع فراہم کرنے پر ذکاء اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔