حارث رؤف نے آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔ جس پر چیف سلیکٹر نے پیسر پر کڑی تنقید کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے انکشاف کیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف آسٹریلیا کیخلاف دسمبر میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ وہاب ریاض نے کہا ہے کہ پہلے حارث رؤف آسٹریلیا سیریز میں شرکت کیلئے تیار تھے لیکن گزشتہ رات انہوں نے اپنا ارادہ بدل لیا ہے۔
وہاب ریاض نے مزید بتایا کہ میجمنٹ نے دو روز قبل اس دورے کے حوالے سے حارث رؤف سے بات چیت کی تھی اور حارث نے پاکستان کیلئے ٹیسٹ کھیلنے کی رضامندی ظاہر کی تھی البتہ انہوں نے کل رات اپنا ارادہ بدل لیا اور وہ آسٹریلیا کی اس ٹیسٹ سیریز کا حصہ نہیں بننا چاہتے تھے۔
وہاب ریاض نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ حارث رؤف فٹنس کے مسائل اور ورک لوڈ سے پریشان تھے۔ ہم نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ہم انہیں سہولیات فراہم کریں گے اور کسی بھی ممکنہ ناکامی کو بھی قبول کریں گے۔ جبکہ ہمارے فزیو نے بھی کہا تھا کہ انہیں چوٹ کی کوئی فکر نہیں ہے۔ وہ تھکا ہوا ہے، لیکن ہم اسے اچھی طرح سے سنبھال سکتے تھے۔ البتہ وہ اس دورے سے باہر ہو گئے ہیں اور وہ اس دورے کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔
حارث رؤف کے سیریز کھیلنے سے انکار بارے باتچیت کرتے ہوئے وہاب ریاض نے مزید کہا کہ اس سے پاکستان کرکٹ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔