پاکستان کرکٹ بورڈ نے عبوری سلیکشن کمیٹی ختم کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کو فارغ کردیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ 2023 میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سلیکشن کمیٹی کو فارغ کیا گیا ہے اور اب نئے چیف سلیکٹر اورسلیکشن کمیٹی کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 7 نومبر کو سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کو قومی ٹیم کا عبوری چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا کیونکہ یہ عہدہ گزشتہ ماہ انضمام الحق کے استعفیٰ کے بعد خالی ہو گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ ورلڈ کپ کے بعد آسٹریلیا کے ساتھ 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان توصیف احمد کریں گے۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو خاندان والوں نے بھی کپتانی چھوڑنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہا ہے کہ بابر میرا کزن ہے لیکن میں کہتا ہوں کہ اسے بطور بیٹر زیادہ رنز پانے کیلئے قیادت چھوڑ دینی چاہیے، چہرے نہیں، سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، پی ایس ایل میں کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان ٹیم کو منتخب کرنے کا طریقہ درست نہیں، ہمیں ڈومیسٹک نظام ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، ہر فارمیٹ کا الگ کپتان ہونا چاہیے۔
کامران اکمل نے مزید کہا کہ میں بابراعظم کو کہتا ہوں کہ اسے بطور بیٹس مین زیادہ رنز پانے کے لیے قیادت چھوڑ دینی چاہیے کیونکہ ماڈرن کرکٹ کے بغیر تبدیلی نہیں آئے گی۔ پاکستان کرکٹ کو چہرے نہیں بلکہ سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ سابق آل راونڈر عبدالرزاق نے اس حوالے سے کہا ہے کہ کپتان میں قوت فیصلہ ہونی چاہیے، قیادت کرنے والے کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو درست سمت میں استعمال کرے۔