قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان لیجنڈری بلے باز اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کو پاکستان کرکٹ بورڈ میں اہم ذمہ داری ملنے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکا اشرف سے شاہد خان آفریدی نے ملاقات کی ہے، ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملاقات میں کرکٹ امور میں بہتری کیلئے بات چیت کی گئی۔
شاہد آفریدی نے نگران وزیراعظم کی ہدایت پر ذکاء اشرف سے ملاقات کی ہے جس کے بعد شاہد آفریدی کو پی سی بی میں انتہائی اہم ذمہ داری ملنے کا امکان ہے۔ شاہد آفریدی کی چند روز قبل نگران وزیراعظم سے ملاقات بھی ہوئی تھی،ملاقات میں شاہد آفریدی کو کرکٹ میں بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا کہا گیا تھا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل بابر اعظم کی چیٹ لیک ہونے کے معاملے پر شاہد آفریدی نے ذکاء اشرف پر شدید تنقید کی تھی۔ شاہد آفریدی نے ٹی وی پروگرام کے دوران ذکاء اشرف کے ھوالے سے کہا کہ آپ خود لوگوں کو اپنے خلاف باتیں کرنے کا موقع فراہم کررہے ہیں۔ سابق کپتان نے کہا کہ ذکاء اشرف کسی کلب کے چیئرمین نہیں ہیں، وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ہیں، انہیں بہت سی چیزوں کو دیکھنا چاہیے، وہ اُلٹا میڈیا ہاؤسز کے مالکان کو فون کر کے کہتے ہیں کہ لوگ میرے بارے باتیں کررہے ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ خدا کے لئے آپ چیئرمین ہیں، ڈیلیور کریں اور کام کریں۔ شاہد آفریدی نے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کو اپنے کام سے کام رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی ٹیم ورلڈکپ کھیلنے گئی ہوئی ہے اور آپ میڈیا پر بیان بازی کررہے ہیں، خدا کیلئے اپنی کرسی کو مضبوط کریں۔